کاروار:29؍دسمبر (ایس اؤ نیوز)گرام پنچایت انتخابات کے 30دسمبر 2020بروز بدھ کو ووٹوں کی گنتی ہونےکی وجہ سے 30 دسمبر کی صبح 7بجے سے 31دسمبر کی صبح 6بجے تک اترکنڑا ضلع کے 12تعلقہ جات کے گنتی مراکز کے علاقوں میں امتناعی احکامات جاری کرتے ہوئے اترکنڑا ضلع ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار نے مناسب انتظامات کے لئے پولس محکمہ کو ہدایات جاری کی ہیں۔
ڈی سی کی طرف سے جاری کردہ سرکلر کے مطابق پولس محکمہ کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ گنتی مراکز کے اطراف اور دیگر علاقوں میں مناسب پولس بندوبست کریں اور کہیں بھی قانون کی خلاف ورزی نہ ہونے پائے اس کی نگرانی کریں۔ گنتی مراکز پر جب گنتی شروع ہوجائے گی اس وقت مرکز میں قانونی نظام کو بحال رکھنے کے لئے پولس افسران کو مناسب ہدایات دی گئی ہیں۔ ہر مرکز پر ایک اے درجہ کا نوڈل افسر ہوگا۔ جو اس کی نگرانی کرے گا۔ خفیہ اطلاعات پر شدید حساس علاقوں میں عملے کی تعینات کی گئی ہے۔ گنتی کی کارروائی میں کل 1000سے زائد عملہ شریک ہونےکی جانکاری دی ہے۔
امتناعی احکامات نافذ ہوتے ہی عوامی جگہو ں پر پانچ سے پانچ سے زائد افراد گروہ کی شکل میں گھومنے پر پابندی ہوگی۔ خاص کر گنتی مرکز ، عوامی سڑکیں ، محلہ وغیرہ میں بھی گروپ کی شکل اختیار کرنا ممنوع ہوگا۔ کسی بھی قسم کے ہتھیار ڈنڈے، لاٹھی اور جسم کو نقصان پہنچانے والے دیگر اشیاء کو پاس میں رکھنا یا لے کر گھومنا منع ہے۔ پٹا خے پھوڑنے پر بھی پابندی ہوگی۔